نئی دہلی،28/اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) پاکستان کی طرف سے اقوام متحدہ میں دی گئی ایک درخواست میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے مبینہ بیان کا ذکر کرنے سے منسلک خبروں کے پس منظر میں کانگریس نے بدھ کو اسلام آباد پر حملہ بولا اور کہا کہ پاکستان کتنا بھی جھوٹ پھیلا لے لیکن یہ حقیقت نہیں بدلنے والی ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ ہندوستان کے اٹوٹ حصے تھے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ پارٹی کے مرکزی ترجمان رندیپ سرجیوالا نے ایک بیان میں کہاکہ کانگریس نے ان خبروں کی نوٹس لیا ہے جن میں یہ کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ میں دائر مبینہ پٹیشن میں راہل گاندھی کا نام غلط طریقے سے لیا گیا ہے تاکہ پاکستان کے جھوٹ کے پلندے اور غلط معلومات کو برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کسی کو بھی اس میں شک نہیں ہونا چاہئے کہ جموں، کشمیر اور لداخ ہندوستان کا اٹوٹ حصہ تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔پاکستان کی جانب سے کتنی بھی غلط فہمی پھیلا دی جائے لیکن یہ سچ بدلنے والا نہیں ہے۔انہوں نے پاکستان پر نشانہ لگاتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو دنیا کے لیے پی اوکے -گلگت- میں انسانی حقوق کے خلاف ورزی کے بارے میں جواب دینا چاہئے۔پاکستان کو سات کروڑ مہاجروں کے ظلم و ستم اور پاکستانی سیکورٹی فورسز کی طرف سے 25 ہزار افراد کے قتل کئے جانے پر جواب دینا چاہئے۔سرجیوالا نے کہا کہ پاکستان کو بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے، ہزاروں لوگوں کے غائب ہونے اور اجتماعی قبریں ملنے کے بارے میں بھی جواب دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو ایک بار پھر یاد دلانے کی ضرورت ہے کہ لشکر طیبہ، جیش محمد، حزب المجاہدین، القاعدہ اور طالبان جیسے دہشت گرد تنظیموں کو پاکستان میں پھلنے پھولنے کا موقع ملا ہے۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ کشمیر کا راگ الاپنے کے بجائے پاکستان کو ان مسائل پر پوری دنیا کو جواب دینا چاہئے۔